اسلام آباد(پاک ترک نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ نشست کو خالی قرار دینے کی درخواست خارج کر دی۔
حلف نہ اٹھانے پر اسحاق ڈار کی نشست خالی قرار دینے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے متعلق 26 ستمبر 2022 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 29 مارچ 2018 کو معطل ہوا تھا۔
اسحاق ڈار کی سینیٹ کی نشست خالی قرار دینے کے کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی تھی۔ اسحاق ڈار نے پاکستان پہنچ کر بطور ممبر سینیٹ اور بطور وزیر خزانہ حلف لیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے وزیر خزانہ کے خلاف بطور سینیٹر حلف نہ اٹھانے پر نااہلی کی کارروائی بھی ختم کر دی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق منتخب ہونے کے بعد دو ماہ حلف نہ اٹھانے پر نااہلی کے آرڈیننس کا اطلاق اسحاق ڈار پر نہیں ہوتا۔
پی ٹی آئی سینیٹر وسیم شہزاد کی جانب سے اسحاق ڈار کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔