نصیرت کیمپ میں پناہ گزینوں کے سکول پراسرائیلی بمباری، مزید 17 فلسطینی شہید

غزہ (پاک ترک نیوز ) صیہونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، نصیرت کیمپ میں پناہ گزینوں کے سکول پر بمباری سے مزید 17 فلسطینی شہید جبکہ 80زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ شہر اور المغازی پر شدید بمباری کی جبکہ الشاطی کیمپ میں مسجد پر بھی وحشیانہ حملے کیے۔
حماس کے سیاسی بیورو کے ایک رکن عزت الرشق نے اتوار کو کہا کہ ان کی جماعت غزہ کی پٹی پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد جنگ بندی کے مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خان یونس کے مغرب میں المواصی کے قتل عام کے جواب میں حماس کی طرف سے مذاکرات روکنے کے فیصلے کے بارے میں کچھ میڈیا میں بے بنیاد خبریں آئی ہیں۔
الرشق نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر عرب ثالثوں اور امریکہ کی جنگ بندی کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام بھی لگایا۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ المواصی کیمپ پر حملے میں حماس کمانڈر رافع سلامہ شہید ہوا۔ہفتے کے روز المواصی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 90 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے تھے ، اسرائیلی فوج نے حماس کمانڈر محمد ضیف اور رافع سلامہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔حماس نے المواصی حملے میں اپنے کسی کمانڈر کی ہلاکت کی تردید کی تھی۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں سے 24 گھنٹوں میں مزید 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، 7 اکتوبر کے بعد سے شہدا کی مجموعی تعداد 38 ہزار 443 سے تجاوز کر گئی، جبکہ 88 ہزار 481 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More