اسرائیلی فورسز نے رفح میں تینوں جانب سے حملہ کر دیا

غزہ(پاک ترک نیوز) صیہونی فورسز نے رفح میں تین اطراف سے حملہ کر دیا ہے، ایف 16 طیاروں سے رہائشی ٹاور اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی جنگی کابینہ کی جانب سے جنوبی شہر میں کارروائیوں میں توسیع کی اجازت دینے کے بعد اسرائیلی فوج نے ریڈ زون سے 1 لاکھ بے گھر فلسطینی باشندوں کو فوری نکل جانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔اسرائیلی ٹینکوں نے رفح شہر کو جنوب سے سیل کر دیا ہے اور ’’ریڈ زون‘‘ کا گھیراؤ مکمل کر لیا۔
اسرائیل کی بڑھتی ہوئی بربریت کے نتیجے میں 1 لاکھ فلسطینی رفح سے نقل مکانی کر چکے ہیں، رفح بارڈر کراسنگ پر قائم النجر اسپتال میں اسرائیل کے کنٹرول کے سبب سروسز معطل ہو گئیں، چوبیس گھنٹوں میں غزہ جھڑپوں میں مزید 13 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں جب کہ اسرائیل نے 4 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
مشرقی رفح میں حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں پر دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائسز، راکٹوں اور اسنائپرز کے ساتھ گھات لگا کر حملے شروع کر دیے ہیں، رفح میں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے کیوں کہ اسرائیلی فورسز 1.4 ملین فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اس شہر میں اندر تک گھس گئی ہیں۔
گزشتہ روز اسرائیلی بمباریوں میں خواتین اور بچوں سمیت 109 فلسطینی شہید اور 296 افراد زخمی ہوئے۔ جب کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 34,943 فلسطینی شہید اور 78,572 زخمی ہو چکے ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More