ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہیں تو ملک کیلئے بہتر ہو گا، وزیر اعظم

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہیں گے تو ملک کیلئے بہتر ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے اور پارلیمنٹ کا سب کو احترام کرنا ہو گا۔ آئین اور قانون کی بالادستی کا سب کو احترام کرنا ہو گا۔پاکستان میں آئین کی بالادستی کے لیے ہمیں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا ہو گا اور دہرا معیار کسی بھی معاشرے کے لیے سود مند نہیں ہو سکتا۔ ماضی میں اپوزیشن کو جعلی مقدمات میں جیلوں میں بھجوایا گیا جبکہ کسی کو چاند رات کو اور کسی کی بیٹی کو جیل سے گرفتار کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کو چیلنجز سے نکالنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور پاکستان کو جلد مشکلات سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہیں گے تو ملک کے لیے بہتر ہو گا اور پارلیمنٹ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے تاہم دہرا معیار کہیں نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے مل کر پاکستان کی خدمت کریں جبکہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More