چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کا سائفر کیس میں جیل ٹرائل ختم ،عدالت پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دئیے جانے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں یہ کیس کی پہلی سماعت تھی۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے پوچھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کدھر ہے؟ اس پر عدالتی عملے نے سائفر کیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی جج کو دی۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے وکیل علی بخاری سے مکالمہ کیا کہ بخاری صاحب آپ کے لیے تو بڑی کامیابی ہوئی ہے، اس پر علی بخاری نے کہا کہ ہم تو پہلے دن سے یہی کہہ رہے تھے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More