لاہور(پاک ترک نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤگھیراؤ کے کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن عقیلہ نیاز نقوی کو جے آئی ٹی کا کنونیر مقرر کیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس کے چار دیگر افسران کو بھی جے آئی ٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کیجانب سے ملک گیر احتجاج شروع ہوگئے تھے۔
لاہور میں چند مشتعل افراد نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور فوجی تنصیبات نذر آتش کی تھیں، جس کے بعد حکومت نے فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا۔
رواں ہفتے جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی کیلئے کمانڈنگ افسر نے 16 شر پسندوں کی حراست بھی مانگی ، انسداد دہشت گردی عدالت نے کمانڈنگ افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق ایم پی اے اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔