واشنگٹن (پاک ترک نیوز ) امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، غزہ میں انسانی امداد میں اضافے اور رفح میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے اسرائیلی منصوبے سے متعلق گفتگوکی گئی۔
امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے کہا ہے کہ رفح میں 10 لاکھ فلسطینیوں کی حفاظت یقینی بنائے بغیر فوجی آپریشن آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔
امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو میں یرغمالیوں کی محفوظ رہائی کے بارے میں بھی بات چیت کی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق گفتگو میں پیشرفت سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔
بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کیلئے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
برطانیہ، سعودی عرب، یو اے ای، قطر اور لبنان نے اسرائیلی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے تباہ حال فلسطینیوں کی مزید تباہی کا اقدام قرار دیا ہے۔
دوسری جانب حماس نے خبردار کر دیا کہ اسرائیل کا رفح میں زمینی آپریشن یرغمالیوں کی رہائی کی بات چیت کو ختم کر دے گا۔
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے یونیسیف نے رفح میں زمینی آپریشن کے اسرائیلی منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی پہلے ہی کئی بار بے گھر ہوچکے ہیں، ان کے پاس رفح سے آگے جانے کی کوئی جگہ نہیں۔
7 اکتوبر سے جاری حملوں میں غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرچکی جبکہ اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 67 ہزار سے زیادہ ہے۔