جوڈیشل کمیشن کا آڈیو لیکس کے فرانزک ٹیسٹ کرانے اور کارروائی پبلک کرنے کا فیصلہ

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) آڈیو لیکس پر قائم جوڈیشل انکوائری کمیشن نے لیک شدہ آڈیو کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے تمام آڈیوز کے فرانزک ٹیسٹ کرانے اور کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے کارروائی سپریم کورٹ اسلام آباد بلڈنگ میں شروع کر دی ہے، کمیشن میں سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان شامل ہیں۔
انکوائری کمیشن کا کہنا تھا کہ کوئی حساس معاملہ سامنے آیا تو ان کیمرا کارروائی کی درخواست کا جائزہ لیں گے، کمیشن نے وفاقی حکومت کو ای میل ایڈریس اور تمام مواد فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
آڈیو لیکس کمیشن کی کارروائی میں اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان پیش ہوگئے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ کمیشن کس قانون کے تحت تشکیل دیا گیاَ؟، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کمیشن انکوائری کمیشن ایکٹ 2016ء کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔
اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن نے آڈیو لیکس کے معاملے پر کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کر دیا، کمیشن کا کہنا ہے کہ کوئی حساس معاملہ سامنے آیا تو ان کیمرا کارروائی کی درخواست کا جائزہ لیں گے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جن سے متعلق انکوائری کرنی ہے ان میں 2 بڑی عمر کی خواتین بھی شامل ہیں، اگر درخواست آئی تو کمیشن کارروائی کیلئے لاہور بھی جاسکتا ہے۔
عدالتی کمیشن نے اٹارنی جنرل کو کمیشن کیلئے آج ہی موبائل فون اور سم فراہم کرنے کی ہدایت کر دی، ساتھ ہی حکم دیا کہ جوڈیشل کمیشن کیلئے فراہم کردہ فون نمبر پبلک کیا جائے گا۔
جوڈیشل کمیشن نے وفاقی حکومت کو ای میل ایڈریس بھی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کمیشن بذریعہ اشتہار عوام سے بھی معلومات فراہم کرنے کا کہے گا، معلومات فراہم کرنے والے کو شناخت ظاہر کرنا لازمی ہوگی، نامعلوم ذرائع سے آنے والی معلومات قابل قبول نہیں ہوں گی۔
جوڈیشل کمیشن نے حکومت سے تمام آڈیو ریکارڈنگ طلب کر لیں، وفاقی حکومت تمام مواد بدھ تک فراہم کرے، تمام آڈیوز کے ٹرانسکرپٹ بھی ذمہ دار افسر کے دستخط کے ساتھ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کمیشن نے کہا کہ ٹرانسکرپٹ میں غلطی ہوئی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
جوڈیشل انکوائری کمیشن کا کہنا ہے کہ جن کی آڈیوز ہیں ان کے نام، عہدے اور رابطہ نمبر بھی فراہم کئے جائیں۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے انکوائری کمیشن کا دائرہ اختیار واضح کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کمیشن سپریم جوڈیشل کونسل نہیں ہے، انکوائری کمیشن کسی جج کیخلاف کوئی کارروائی کر رہا ہے نہ کرے گا، کمیشن صرف حقائق کے تعین کیلئے قائم کیا گیا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں ہوگی، تمام گواہوں کی عزت کریں گے اور عزت کی توقع بھی کرتے ہیں، کمیشن کو اختیار ہے کہ تعاون نہ کرنیوالوں کے سمن جاری کر سکے، کمیشن صرف نوٹس جاری کرے گا، کوشش ہوگی کسی کے سمن جاری نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی افسران کے پاس پہلے ہی انکار کی گنجائش نہیں ہوتی، عوام سے معلومات فراہمی کیلئے اشتہار جاری کیا جائے گا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو تمام متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کرنے اور ان کی تعمیل فوری کرانے کی ہدایت کردی۔
جسٹس عیسیٰ کا کہنا ہے کہ نوٹس متعلقہ شخص کو ملنے پر اس کا ثبوت تصویر یا دستخط کی صورت میں فراہم کیا جائے۔
جوڈیشل انکوائری کمیشن نے کارروائی کے دوران آڈیو چلانے کے انتظامات کرنے اور اٹارنی جنرل کو آڈیوز کی تصدیق کیلئے متعلقہ ایجنسی کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ آڈیو لیکس کی تصدیق کیسے ہوگی؟، آڈیو لیکس کی تصدیق کیلئے پنجاب فارنزک ایجنسی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، اگر کوئی شخص کہے کہ آڈیو میں آواز ان کی نہیں، یا ٹیمپرڈ ہے تو اس کی تصدیق پہلے سے کرنا ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ فارنزک ایجنسی کا ایک رکن کمیشن کی کارروائی میں موجود ہو تاکہ اگر کوئی شخص انکار کرے تو فوری تصدیق ہو۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More