اسلام آباد(پاک ترک نیوز) یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم ِیکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جموں کشمیر کا حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہماری خارجہ پالیسی کا کلیدی ستون رہے گا، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی مکمل سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، مسئلہ کشمیر کا واحد اور حتمی حل آزادانہ استصواب رائے سے کیا جائے گا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جانا چاہیے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کشمیریوں سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر ہر صورت حل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا پر آشکار ہوچکا ہے، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو مزید روندا نہیں جاسکتا، کشمیریوں کے جذبہ حریت کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔