مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
خانہ کعبہ کے کلید بردار (سادن) شیخ ڈاکٹر صالح الشیبی کے انتقال کے بعد یہ ذمہ داری نئے کلید بردار شیخ عبدالوھاب بن زین العابدین الشیبی کو سونپ دی گئی ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق فتح مکہ کے بعد اب تک کلید برداروں میں شیخ عبدالوھاب الشیبی کا 78 واں نمبر ہے جنہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
گذشتہ دنوں خانہ کعبہ کے 77 ویں کلید بردار شیخ ڈاکٹر صالح الشیبی کا 80 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ جنہیں مکہ کے معروف قبرستان معلی میں سپرد خاک کیا گیا۔
واضح رہے کہ ’سادن‘ اس شخصیت کو کہا جاتا ہے جس کے پاس کعبہ شریف کی چابی ہوتی ہے۔ کعبہ کے قفل کو کھولنا، بند کرنا اور اندرونی و بیرونی صفائی وہ غلاف کعبہ کی تبدیلی و دیگر امور بھی سادن یعنی کلید بردار کے ذمہ ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ فتح مکہ کے بعد نبی اکرم ﷺ نے بنو شیبہ کو چابی سونپی اور انہیں یہ ذمہ داری عطا کی تھی اس وقت سے اب تک کلید برداری کی ذمہ داری آل شیبہ کے پاس ہی ہے۔اور تا قیامت اسی خاندان کے پاس رہے گی۔