لاہور ہائیکورٹ کا پرویز الٰہی کو فوری رہا کرنے کا حکم

لاہور(پاکترک نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اثاثہ جات کیس میں نیب کی پرویزالہٰی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر آج لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ اس سلسلے میں نیب حکام نے سابق وزیراعلیٰ کو عدالت میں پیش کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ احتساب عدالت کو بتایا تھا کہ انٹرا کورٹ اپیل خارج ہو گئی تھی؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ میرے علم میں نہیں۔
نیب پراسیکیوٹر کے جواب پر جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ اس کی مکمل انکوائری ہوگی، میں ابھی پرویز الٰہی کو فوری رہا کرنے کا حکم دے رہا ہوں۔
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ساتھ ہی کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے نیب کی طرف سے اپنی گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کیا تھا اور جسٹس امجد رفیق نے پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے کی صورت میں ڈی جی نیب کے وارنٹ جاری کرنے کا کہا تھا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More