لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر چیئرمین نادرا تعینات ،نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد وزارت داخلہ نے تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سعودی ایجنسی تکامل(Takamol) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول ترمیمی معاہدے کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیشہ وارانہ تعلیم اور فنی تربیت کے پروگرامز کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مند افراد کی بیرون ملک روزگار مواقع بڑھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھاے جائیں. ان کا کہنا تھا کہ افرادی قوت ہمارا سرمایہ ہے، افرادی قوت کو عصری تقاضوں کے مطابق ہنر کی فراہمی کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے. انہوں نے ہدایت کی کہ فنی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے موجودہ تمام مراکز کو فعال کیا جائے۔
وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ایریا اسٹڈیز سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور اور ہنگری کی کوروینس (Corvinus) یونیورسٹی کے سینٹرل ایشیاء ریسرچ سینٹر کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سمٹ بینک لمیٹڈ کا نام بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان اور حکومت ایکواڈور کے مابین معاہدے کی منظوری دے دی جس کے تحت دونوں ممالک کے ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ ہولڈرزباہمی طور پر ویزا سے مستثنیٰ ہونگے۔
وفاقی کابینہ نے چیئرمین نادرا کے لیے وزارت داخلہ کی سمری پر تین مجوزہ ناموں میں سے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی) کی تقرری کی منظوری دے دی.کابینہ کو بتایا گیا کہ سلیکشن کمیٹی نے نادرا کے چیئر مین کے لئے تین بہترین امید واروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تھے .کابینہ نے تفصیلی غور خوض کے بعد نادرا کے نئے چئیر مین کے لیے لیفٹننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تقرری کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی 6 ستمبر 2023 َ اور 19 ستمبر 2023 کے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More