ریاض (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ اکنامک فورم اجلاس سائیڈ لائن پر امیر کویت نے ملاقات کی ۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے خصوصی اجلاس کے موقع پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر امیر کویت کے تہنیتی خط پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو امیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے جو کہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہو گا۔ پاکستان اور کویت نے نومبر 2023 میں تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کویت کے امیر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔