لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کنسلٹنٹ مکی آرتھر 18 اپریل کو لاہور پہنچ رہے ہیں ۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے غیرملکی کوچز میں سے دو تو لاہور پہنچ چکے اور مکی آرتھر 18 اپریل کو آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر نیوزی لینڈ سے سیریز کے ایک یا دو میچز میں ذمہ داری بھی سنبھالیں گے مگر دورے کا اصل مقصد کوچنگ ٹیم کو سیٹ کرنا اور بابر اعظم و دیگر سے مشاورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں اپنی اس رائے پر قائم ہوں کہ غیرملکی کوچز اسٹاف سیاست اور سفارش سے دور رہتا ہے لہٰذا اسی کا تقرر کرنا چاہیے، وہ پروفیشنل طور پر بھی زیادہ مضبوط ہوتے ہیں، پاکستان کے پاس بھی بڑے اچھے پروفیشنل کوچز موجود ہیں البتہ ہمارے کلچر میں شامل سفارش، نرم دلی وار دوستی یاری کا فیصلوں میں کافی وزن ہوتا ہے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پروفیشنل کرکٹ میں جہاں آپ کو اعلیٰ معیار پر جا کر مقابلہ کرنا ہوتا ہے وہاں ان چیزوں کو نہیں ہونا چاہیے، مکمل طور پر پیشہ ورانہ اخلاقیات کو اپنانا ہی درست ہوتا ہے، اسی لیے غیرملکی کوچز کا تقرر کرنا چاہیے۔
پی سی بی چیئرمین کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ دو وجوہات کی بنا پر پاکستانی کوچز بھی ہونے چاہئیں، ایک انگریزی جس سے ہماری اپنی زبانوں میں رابطے کا فقدان دور ہو جاتا ہے، دوسرا ہمارے کوچز بھی ان کے ساتھ رہ کر کچھ سیکھیں تاکہ مستقبل میں ان کی کارکردگی بھی بہتر ہو۔