سموگ پر قابو پانےکا مشن ،ہر بدھ کو لاہور شہر بند رکھنے کا فیصلہ

لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب حکومت نے سموگ پر قابو پانے کے لیے دو ماہ تک ہر بدھ کے روز لاہور کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلے کا اطلاق اگلے بدھ سے ہو گا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت تدارک سموگ کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں سی سی پی او لاہور اور شہر کی بڑی مارکیٹس کے تاجر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں قائم مقام ڈی سی لاہور عدنان رشید ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان رانجھا،اسسٹنٹ کمشنرز بھی شریک ہوئے۔
سموگ کے تدارک کے لئے تاجروں نے کمشنر لاہور ڈویژن اور سی سی پی او کی تجویز مان لی۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کے حکم پر دو ماہ تک ہر بدھ کے روز لاہور بند رہے گا، بدھ کو سکولز، مارکیٹس، سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے اور ورک فرام ہوم ہو گا، سموگ کے لحاظ سے اکتوبر اور نومبر بہت اہم مہینے ہیں۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ شہر کے اندر ٹریفک زیرو ہو گی، بدھ کے روز سکول بھی بند رہیں گے، سکول انتظامیہ ورک فرام ہوم کرے گی، شہر کو بریتھنگ سپیس دینی ہے، بنکس،نجی ادارے، مارکیٹس، کلب اور ہوٹلز بھی بند ہوں گے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ منگل بدھ اور جمعرات کو سموگ کا انڈیکس زیادہ ہوتا ہے، تاجر اگر چاہیں تو اتوار کو دوکانیں کھول سکتے ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More