انقرہ (پاک ترک نیوز) پاکستان اور ترکیہ کی اسلامی تاریخی پر بننے والی مشترکہ سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ میں پاکستانی سینیئر اداکار محمد نورالحسن کا کردار سامنے آگیا۔
ویب سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ منصوبہ ہے، یہ سیریز پاکستان کی انصاری فلمز اور ترکیہ کی ایکلی فلمز کی مشترکہ پروڈکشن میں بنائی گئی ہے۔
ترکیہ میں چند ماہ قبل سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ نشر ہونا شروع ہوئی تھی جبکہ اب رواں ماہ 6 مئی سے پاکستان میں بھی اردو زبان میں اس سیریز کی نشریات کا آغاز ہوچکا ہے۔
پاکستانی شائقین سیریز کے لیے کافی پُرجوش تھے لیکن اُن کی خوشی میں اضافہ اُس وقت ہوا جب اُنہوں نے پاکستان کے سینیئر اداکار محمد نورالحسن کو سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ کی شوٹنگ کے سیٹ پر دیکھا۔
محمد نورالحسن نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر چند ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کی تھیں جوکہ ‘صلاح الدین ایوبی’ کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر بنائی گئیں۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ میں کونسا کردار ادا کریں گے لیکن اب اُن کا کردار سامنے آگیا ہے۔
سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ کے ترکش ورژن کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل نے سیریز کا نیا ٹیزر جاری کیا ہے جس میں محمد نورالحسن کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔محمد نورالحسن اس سیریز میں عبدالقادر جیلانی کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ اس کردار کے ذریعے ترکیہ کی شوبز انڈسٹری میں اپنا ڈیبیو کررہے ہیں۔
محمد نورالحسن کو سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ میں دیکھ کر پاکستانی مداح خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں اور تبصرے کرکے اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ اسلامی تاریخ پر مبنی سیریز کے لیے تقریباََ 6 ہزار پاکستانی فنکاروں نے آڈیشن دیے تھے، قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ عائشہ عُمر، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی سیریز کی کاسٹ میں شامل ہوں گے لیکن اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔