لاہور(پاک ترک نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب )نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں وزیراعظم شہباز شریف کو بے گناہ قرار دے دیا۔
نیب کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے کوئی ثبوت نہیں ملے،ریکارڈ سے ثابت ہے کہ کسی پبلک آفس ہولڈر نے فوائد حاصل نہیں کیے۔
قومی احتساب بیوروکے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کے خلاف بدنیتی کا کوئی پہلو بھی ثابت نہیں ہوتا۔ ریکارڈ اور شواہد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کسی پبلک آفس ہولڈر نے کسی قسم کے کوئی فوائد حاصل نہیں کیے۔ بغیر کسی شکوک و شبہات کے یہ بات ثابت ہو رہی ہے کہ سرکاری خزانے کو نقصان نہیں ہوا۔
نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کامران کیانی نے بھی سرکار کے خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا نہ فواد حسن فواد نے ٹھیکہ دلوانے کے لیے کوئی رشوت لی۔ شہباز شریف نے آشیانہ کا ٹھیکہ لطیف اینڈ سنز کو دینے کا معاملہ قانون کے مطابق اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا۔ نیب نے استدعا کی ہے کہ احتساب عدالت لاہور قانون کے مطابق شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کر دے۔