اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نیب کے نئے توشہ خانہ کیس میں حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جیل ٹرائل کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قانون و انصاف نے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔
توشہ خانہ نئے کیس میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹرائل جیل میں ہی ہوگا، جیل ٹرائل نوٹیفکیشن سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ عدت کیس میں بری ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو گزشتہ روز نیب کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔
توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ کیلئے آج اڈیالہ جیل میں سماعت ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ اڈیالہ جیل میں سماعت کریں گے، نیب کی قانونی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔