اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم اور تاریخ سانحہ 9 مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے، ان کے عظیم اہل خانہ، محب وطن عوام ہیں، دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دِل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں، یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کے لئے ریاست پر حملہ کر دینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کر دینے والا دِن ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وعدہ ہے ارض پاک، عظیم شہداء، اُن کے ورثا اور قوم سے 9 مئی پھر کبھی نہیں ہوگی، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم اور تاریخ سانحہ نو مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔
وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وفاقی وزراء کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر اور شیری رحمان جبکہ مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق بھی شریک ہوئے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نگران دور حکومت میں 9 مئی کی تحقیقات پر قائم کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے 9 مئی میں براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا، رپورٹ کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے قانون سازی کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔کابینہ اراکین نے متفقہ طور پر نو مئی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔