نواز شریف کی شہباز شریف اور مریم نواز سے اہم ملاقات آج ہو گی

لندن(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف سے شہباز شریف اور مریم نواز کے لندن پہنچنے کے بعد اہم ملاقات آج ہو گی ۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف بھی لندن پہنچ گئے ہیں جبکہ ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز لندن میں موجود ہیں۔ن لیگ کی آج ہونے والی غیر معمولی بیٹھک میں صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز شریک ہوں گے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔لیگی قائد نوازشریف خود پارٹی میں دھڑے بندیوں سے متعلق معاملات حل کریں گے۔
اہم ملاقات میں ن لیگ کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے بیانیے پر مشاورت ہوگی جب کہ پارٹی قائد کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔نواز، شہباز شریف اور مریم نواز آج کی بیٹھک میں مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماؤں کے تحفظات پر بھی مشاورت کریں گے۔
یاد رہے کہ ن لیگ کے پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں دھڑ بندیوں کی اطلاع پر نوازشریف نے شہباز شریف کو فوری طور پر لندن طلب کیا تھا۔
ن لیگ کے ایک گروپ نے نوازشریف سے شکوہ کیا تھا کہ ہمیں استقبال کے معاملات پر نظر انداز کیا جا رہا ہے جبکہ 10 ایم پی ایز اور 3 ایم این ایز کے گروپ نے شہباز شریف کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوازشریف کے حالیہ بیانات پر سنجیدہ حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا اور قائد ن لیگ کی جانب سے سخت فیصلوں پر کئی سینئر رہنما پہلے ہی ناراض ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More