اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا طیارہ پاکستانی کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا ۔
سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف 4 برس بعد وطن پہنچ رہے ہیں۔نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ دبئی ایئرپورٹ سے ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر سے 10 بجکر 42 منٹ پر روانہ ہوا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی دبئی سے اسلام آباد خصوصی پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے جس کے تحت نوازشریف کا جہاز تقریباً ایک بج کر 50 منٹ پر اسلام آباد میں لینڈ کرے گا، سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آ رہے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
سابق وزیر اعظم کے خصوصی چارٹر طیارے کو فضائی حدود کے استعمال اور لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد قائد مسلم لیگ ن نواز شریف قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے، قانونی ٹیم میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سمیت دیگر شامل ہوں گے، نواز شریف کو دونوں کیسز سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے، اعظم نذیر تارڑ نواز شریف کے ہمراہ لاہور پہنچیں گے، امجد پرویز سمیت قانونی ٹیم کے دیگر ممبرز اسلام آباد میں ہی رکیں گے۔
قائد مسلم لیگ ن نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔
سابقہ پوسٹ