نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، ایوان میں شدید نعرے بازی

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان کی 16 ویں قومی اسمبلی معرض وجود میں آ گئی، نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
افتتاحی اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر نعت رسول مقبولﷺ پیش کی گئی۔
سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، جس پر سپیکر نے انہیں متنبہ کیا کہ پہلے حلف لیں گے، پھر بات ہوگی۔
سپیکر راجا پرویز اشرف نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، تاہم اس دوران ایوان میں شدید شور شرابا رہا، جس پر سپیکر اسمبلی نے اظہارِ برہمی کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے حلف لینے کے بعد کہا کہ رکن اسمبلی بننے کیلئے پہلے دستخط کر لیں، پھر بات کریں گے۔
حلف لینے والوں میں سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، سردار ایاز صادق اور دیگر نو منتخب اراکین شامل ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب، بیرسٹرگوہر،علی محمد خان نے بھی حلف اٹھا لیا، استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان کو دستخط کرنے کیلئے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حمایت میں نعرے بازی کی گئی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
لیگی اراکین کی جانب سے بھی نوازشریف کی آمد پر نعرے بازی کی گئی، لیگی ارکان نے ’شیر آیا، شیر آیا‘ کے نعرے لگائے، مہمانوں کی گیلری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب اور آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔
یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ مکمل نہ ہونے کے باعث سمری پر فیصلہ روک رکھا تھا تاہم اب صدر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس بلائے جانے کے بعد سمری کی منظوری دے دی ہے۔
تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا چناؤ ہوگا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا الیکشن کل ہوگا اور پھر وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔
وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی اور اسی روز ہی وزیراعظم کا اپنے عہدے کا حلف لینے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ہائی سکیورٹی زون میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جانے کی صرف ان افراد کو اجازت ہوگی جن کے پاس دعوت نامے ہوں گے۔
مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے کچھ مہمانوں کے دعوت نامے منسوخ کردیئے گئے ہیں، کسی بھی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں ہے، سیف سٹی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ ہائی سکیورٹی زون میں کسی بھی سرگرمی کیلئے ایس ایس پی آپریشنز کو درخواست دینا ضروری ہے، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More