پاکستان کے اندر کسی اور ملک کی ایجنسی نہیں صرف ملکی اداروں کا اثر ہو گا،نگران وزیراعظم

گلگت بلتستان(پاک ترک نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر کسی اور ملک کی ایجنسی نہیں صرف ملکی اداروں کا اثر ہو گا۔کسی کو معاشرے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

دورہ گلگت میں ادارہ امراض قلب میں او پی ڈی کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام مسائل آئینی طریقے سے حل کیے جائیں گے، آئینی سوالات کے جواب ڈھونڈ رہے ہیں اور ان کے جواب جلد عوام تک پہنچائیں گے۔کسی بھی نشست کے لیے بولی نہیں لگے، ہم بولیاں لگانے نہیں بولیوں کا گلا گھوٹنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر کسی اور ملک کی ایجنسی نہیں صرف ملکی اداروں کا اثر ہو گا، کسی اور سے کوئی امید یا خوشی فہمی ہے تو وہ دور کر لیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ گلگت کے باسیوں نے بڑی محبت سے استقبال کیا، گلگت بلتستان رنگ ونسل کے لوگوں کا گلدستہ ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ گلگت کے لوگوں کے لیے پیغام لے کر آیا ہوں کہ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں، دوریوں کو حکمت کے ساتھ دور کریں گے، گلگت میں بھائی چارہ یہاں کے سماج اور اقدار میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے حوصلے پہاڑوں کی طرح ہیں، یہاں سیاحت کی غرض سے دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں، گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے مختلف لوگوں سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام ضروری ہے، حقوق کے نفاد کی ذمہ داری ریاست کی ہے، اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے جبکہ غلط فہمیوں کی بنیاد پر دوریوں کا خاتمہ ضروری ہے، ہم حکمت اور ہمت سے ان دوریوں کا خاتمہ کریں گے۔
اس سے قبل انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے پہلے اور واحد امراض قلب ہسپتال کے اوپی ڈی کا افتتاح کیا، 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال امراض قلب کے علاج کی جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More