ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی آن لائن ٹرانزٹ ویزے کی سہولت تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ہے۔ اس سے کوئی مستثنی نہیں ہے۔ جبکہ ٹرانزٹ ویزا پر آنے والے رینٹ اے کار کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سیکریٹری خارجہ برائے امور قونصلیٹ علی الیوسف نے کہا کہ فی الوقت ٹرانزٹ ویزے کی سہولت سے جن ممالک کے شہری فائدہ اٹھاسکتے ہیں ان کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ٹرانزٹ ویزا السعودیہ یا ناس ایئر سے ٹکٹ جاری کراتے وقت حاصل کیا جاسکتا ہے۔
علی الیوسف کا کہنا ہے کہ ٹرانزٹ ویزے کی کارروائی آن لائن ہے اور ہنگامی بنیادو ں پر جاری ہوتا ہے۔ یہ ویزا سعودی وژن 2030 کی جامع پالیسی کے تحت متعارف کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ سعودی عرب آئیں۔ مملکت آنے والے عمرہ، زیارت اور مملکت کے مختلف علاقوں کی سیاحت بھی کرسکتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق نئے متعارف کرائے گئے اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا رکھنے والوں کو مملکت میں چار روزہ قیام کے دوران کار چلانے کی اجازت دے گا۔اور کار کرایہ پردینے والی فرمیں ٹرانزٹ ویزا رکھنے والوں کو کرائے کی کاریں چلانے کی اجازت دینے کی سروس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔وہ لوگ جو ٹرانزٹ ویزے پر ہوائی سفر کے لیے آتے ہیں ڈرائیونگ کی اجازت دینے کی سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کاروں کے کرائے کے طریقہ کار کو وزارت داخلہ کے تحت ’ابشر بزنس‘ الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیا جا سکتا ہے۔
گاڑیاں کرائے پر لینے کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے کیونکہ یہ زائرین کو وقت اور محنت کی بچت کرنے کے قابل بناتا ہے، اور اس مقصد کے لیے ذاتی طور پر کسی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ نے کہا ہے کہ ’آن لائن ٹرانزٹ ویزے پر پہلی فیملی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جدہ پہنچی ہے‘۔
’جدہ ایئرپورٹ پہنچنے پر مذکورہ فیملی کو تمام سہولتیں فراہم کی گئی گئیں ہیں‘۔