اسلام آباد(پاک ترک نیوز) عدالت نے مبینہ دھاندلی کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےصاحبزادے علی حیدر گیلانی سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سینیٹ الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جج امید علی بلوچ نے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
عدالت کی جانب سے علی حیدر گیلانی، پی ٹی آئی رہنما فہیم خان اور کیپٹن (ر) جمیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، جس میں عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سینیٹ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔