لاہور(پاک ترک نیوز) کیویز سے وائٹ بال سیریز کیلیے سکواڈز کی تشکیل کیلیے سلیکٹرز آج لاہور میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے، عمرہ ادائیگی کے لیے جانے والے کپتان بابر اعظم کی بھی گھر واپسی ہوگی۔
نیوزی لینڈکے خلاف سیریز اور دوسرے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے آج سے سرگرمیوں میں تیزی آجائے گی۔
سیریز کی تیاریوں کے لیے کیمپ 7 اپریل سے لگایا جارہا ہے جب کہ سیریز میں معمولی ردوبدل کے بعد شیڈول بھی اسی ہفتے جاری ہوگا۔
ہیڈکوچ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک پی سی بی حکام کے ساتھ سلیکشن کمیٹی اور کپتان بابر اعظم سے بھی ملاقات کرکے سیریز کی حکمت عملی ترتیب دیں گے، قومی ٹیم کے ساتھ ٹیم مینجمنٹ کا بورڈ سربراہ نجم سیٹھی کی منظوری ملنے کے بعد باقاعدہ اعلان منگل تک کردیا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم کے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کی آمد کا سلسلہ بھی آج سے ہی شروع ہورہا ہے، پہلے مرحلے میں ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوتک ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے لاہور پہنچ رہے ہیں۔
ٹیم ڈائریکٹر اور کنسلٹنٹ مکی آرتھر کی لاہور آمد کا دن ابھی تک طے نہیں ہو پایا جبکہ بولنگ کوچ مورن مورکل کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ آئی پی ایل کے بعد اپنی خدمات پیش کریں گے۔