پاک چین دوستی اعتماد اور باہمی احترام کی بنیاد پرقائم ہے: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

بیجنگ (پاک ترک نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا منفرد رشتہ اعتماداور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہے اور سی پیک اس دوستی کی ایک اہم مثال ہے ۔
سنکیانگ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا سے خطاب کرتےہوئے نگران وزیراعظم نے کہاکہ ہمسایہ ہونے کے ساتھ ساتھ مشترکہ ثقافت کی وجہ سے سنکیانگ پاکستانیوں کے دلوں میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، خنجراب بارڈر پاکستان اور چین کو ایک دوسرے سے منسلک کرتا ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، سی پیک بی آر آئی کے تحت ایک جامع منصوبہ ہے،دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں سے علاقائی امن کو فروغ ملے گا، سی پیک میں گوادر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان چین سےلازوال تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کااعادہ کرتا ہے، سنکیانگ صرف تجارتی اور مواصلاتی راہداری نہیں بلکہ دو عظیم قوموں کو جوڑنے کاباعث بھی ہے۔
نگران وزیراعظم کاکہنا تھا کہ سی پیک سےصنعتی ترقی، روزگار، معدنیات اور آئی ٹی کو فروغ ملے گا، خنجراب اور سوست بارڈر تجارت کے لئے مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہیں۔
بعدازاں سنکیانگ یونیورسٹی میں طلبا سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلبا سنکیانگ میں تعلیم حاصل کریں، سیاحت کےفروغ کے لئے دو طرفہ اقدامات کئے جائیں گے، چین انتہائی خوبصورت ملک اور اچھے لوگوں کا معاشرہ ہے، چینی طلبہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں، باہمی شراکت داری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم سے مستحکم ہوتی چلی جا رہی ہے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More