پاکستان ایک اور الیکشن کے لئے تیار

 

 

 

 

از:سہیل شہریار
پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات 2024اپنے کلائیمکس پر پہنچ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔اور ملک بھر میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 22ہزار سے زائد امیدوار آج اپنی انتخابی مہمات مکمل کرلیں گے۔ جس کا وقت شب 12بجے ختم ہوجائےگا۔
پاکستان میں عام انتخابات اپنے وقت مقررہ سے چھ ماہ سے زائد تاخیر کے بعد اب جمعرات 8فروری 2024کو منعقد ہو رہے ہیں جن میں ملک بھر کے عوام اپنے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے اراکین منتخب کریں گے۔الیکشن کمیشن نے ان انتخابات کے لئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔بیلٹ پیپرزاور دیگر سامان چھپائی کے بعد پولنگ کے عملے کے حوالے کرنے کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔
امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے انتخابی مہم کے اختتامی جلسوں کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں کیونکہ آج شب 12بجے انتخابی مہمات اپنے اختتام کو پہنچ جائیں گی جس کے بعدکل بدھ 7فروری کو آرام کا دن ہے ۔جبکہ اگلے روز صبح 8بجے سے شام 5بجے تک کسی وقفے کے بغیر پولنگ کا عمل مکمل کیا جائےگا۔اور اگلی رات غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔البتہ ملک کے دور افتادہ علاقوں سے نتائج کی آمد میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
ملک میں ہونے جا رہے عام انتخابات کے لئے لگ بھگ نصف پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیاہے۔اور دہشتگردوں کی جانب سے ممکنہ معاندانہ کاروائیوں کے پیش نظر تین سطحی سیکورٹی انتظامات کا اہتمام کیا گیا ہے۔جس میں پولیس، سول آرمڈ فورسز اور آخر میں پاک آرمی کے دستے شامل ہیں۔ تمام حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کی حفاظت کی ذمہ داریاں ادا کرنےکے علاوہ پاک آرمی کے دستے عمومی سیکورٹی کے لئے بھی گشت کریں گے ۔ جس کا سلسلہ حساس علاقوں میں ابھی سے شروع ہو چکا ہے۔جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں کے علاقوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کی جا چکی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نےملک بھر میں پولنگ کے لئے 90ہزار675پولنگ اسٹیشنزبنادئیے ہیں جن میں 25ہزار 320مردانہ،23ہزار952زنانہ اور 41ہزار 403مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ان پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 2لاکھ76ہزار398پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ ان میں ایک لاکھ47ہزار552پولنگ بوتھ مردوں کے لئےاور ایک لاکھ28ہزار846پولنگ بوتھ خواتین کے لئے بنائے گئے ہیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا ہے کہ نتائج کی فراہمی کا نیا نظام ای ایم ایس اپنےپیش رو آر ٹی ایس سے بہتر ہے۔اس بار رزلٹ آر او جاری کریں گ۔ اور ملک کے،تمام859قومی وصوبائی حلقوں کے نتائج9فروری کو جاری کردیئے جائیںگے۔اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ٹی الیکشن کمیشن خضر حیات نے بتایا ہےکہ ای ایم ایس کو اس سے قبل ضمنی انتخابات میں استعمال کیا جاچکا ہے۔ اب پریزائیڈنگ افسر ای ایم ایس کے ذریعے اپنے پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ گنتی کے فوری بعد ریٹرننگ افسر کو بھجوائیگا۔ اگر نتیجہ کی ترسیل میں کوئی مسئلہ ہوا تو پریزائیڈنگ افسر ذاتی حیثیت میں آر اوکو نتیجہ پہنچائیگا۔
مزید برآں ملک بھر میں شفاف اور پر امن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور 32ڈویژنوں میں ریجنل مانیٹرنگ رومز سمیت اضلاع کی سطح پر 144مانیٹرنگ ٹیمیںبھی تشکیل دی رکھی ہیں۔ جنہوں نے پہلے ہی کام جاری کر رکھا ہے اور انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کی شکایات پر پر کاروائی کر رہی ہیں۔
آج انتخابی مہم کے خاتمے سے قبل ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت جمیعت علمائے اسلام (ف) اور دیگر جماعیتں بڑے انتخابی جلسے کر رہی ہیں۔مسلم لیگ (ن) نے اس سلسلے میں میاں محمد شہباز شریف کے لاہور کے نواح میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 132 کا انتخاب کیا ہے جہاں کھڈیاں میں میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت دیگر پارٹی قائدین خطاب کریں گے ۔ پیپلزپارٹی نے اس سلسلے میں اپنے گڑھ لاڑکانہ کوچنا ہے جہاں آج کے جلسے سے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔جماعت اسلامی آج مختلف حلقوںمیں انتخابی ریلیاں نکال رہی ہےجن میں خیبر پختون خوا اور کراچی پر فوکس کیا گیا ہے۔ جبکہ مولانا فضل الرحمان کے ڈی آئی خان میں جلسے کی اطلاعات ملی ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More