اسلام آباد(پاک ترک نیوز) دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے موقف پر قائم ہے۔پاکستان غزہ میں جنگ بندی کا منتظر ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے منتظر ہوں کیونکہ جنگ بندی سے غزہ کے متاثرین تک امداد پہنچانے میں مدد ملے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ یو اے ای کے دورہ کے دوران دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم یکم دسمبر کو یواے ای میں ورلڈ کلائمٹ سمٹ میں شرکت کریں گے۔رواں ہفتے ڈنمارک، سویڈن اور فن لینڈ کیساتھ باہمی مشاورت کے دور منعقد کیے گئے جس میں موسمیاتی تبدیلیوں سمیت کثیر الجہتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفترخارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روزبچوں کا عالمی دن منایا گیا۔ غزہ میں اب تک 6 ہزار سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت سے متاثرغزہ کے بچوں کے لیے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بچے بھی بھارتی افواج کے مظالم کا شکار ہورہے ہیں۔ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔