ریاض (پاک ترک نیوز) پاکستان فیفا ورلڈکپ 2026 کوالیفائر راؤنڈ 2 میں سعودی عرب سے ٹکرائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان میچ سعودی شہر العسا کے الفتح اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پاکستان فٹبال ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ نے میزبان سعودی ٹیم کو مضبوط ترین قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ میچ کے امکانات پاکستان کےحق میں نہیں۔
پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان فٹبال ٹیم تعمیری مراحل سے گزر رہی ہے، پاکستان بدقسمتی سے کافی مدت سے انٹرنیشنل مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکا، ماضی کے مقابلے میں قومی ٹیم میں بہتری آئی ہے، آگے چل کر یہ مزید اچھی ٹیم بن جائے گی۔
سعودی ٹیم کے کوچ رابرٹو مانسینے کے میڈیا بریفننگ میں کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ کو آسان نہیں کیں گے، ہم اگلے میچز کے لیے اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
فیفا کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 193 واں نمبر ہے جبکہ سعودی عرب 57 ویں پوزیشن پر براجمان ہے۔
گروپ جی میں سعودی عرب کے خلاف میچ کے بعد پاکستان 21 نومبر کو بطور میزبان اسلام اباد کے جناح اسٹیڈیم میں تاجکستان کی ٹیم کا منتظر ہوگا، اردن گروپ کی چوتھی ٹیم ہے، چاروں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 3 مراحل میں جون تک باہم مقابل ہوں گی۔
بعد ازاں گروپ کی دو سرفہرست ٹیمیں عالمی کپ کوالیفائنگ کے راؤنڈ 3 میں شرکت کی اہل قرار پائیں گی۔
پاکستان کے خلاف میچ کیلئے سعودی عرب کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیاجا رہا ہے، 6 مرتبہ عالمی کپ میں شرکت کرنے والی سعودی فٹبال ٹیم 3، 3 دفعہ ایشین گلف کپ اور عرب کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی فاتح رہی ہے۔ قطر میں منعقدہ عالمی کا فٹبال ٹورنامنٹ میں رواں چیمپین ارجنٹائن کو 1۔2 سے ہرا کر زبردست اپ سیٹ کرنے والی سعودی ٹیم نے پولینڈ کی مضبوط ٹیم کو بھی شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے کمبوڈیا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی کپ کوالیفائر کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔