لاہور (پاک ترک نیوز)
امریکہ میں جاری ٹی20ورلڈ کپ میں امریکہ جیسی نئی ٹیم سے ہارنے کے بعد ایک جیتے ہوئے میچ میںبھارت کے خلاف 120رنز کا آسان ہدف حاصل کرنے میںناکام رہنے والی پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے شہزادے کھلاڑی ہوش ربا تنخواہیں، مراعات ،میچ فیس اور ایوارڈز حاصل کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انسانی وسائل کے شعبہ کے ذرائع کے مطابق اے کیٹیگری کے کھلاڑی 45 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کے حقدار ہیں۔ جب کہ بی کیٹیگری کے کھلاڑی 30 لاکھ روپے ماہانہ وصول کرتے ہیں۔ پی سی بی کے جاری کردہ حالیہ معاہدوں میں تمام کیٹیگریز میں تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔اب درجہ اے کے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں 202فیصدکا نمایاں اضافہ کیاگیا ہے۔درجہ بی کے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں 144فیصد کا نمایاں اضافہ ہو اہے۔ جبکہ درجہ سی اور ڈی کے کھلاڑیوں نے بھی اپنی تنخواہوں میں بالترتیب 135فیصد اور 127فیصدکے قابل ذکر اضافہ کا لطف اٹھایا ہے۔ یاد رہے کہ کھلاڑیوں کی درجہ بندی ان کی عالمی رینکنگ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے گزشتہ سال ستمبر میں نئے معاہدوں کا اعلان کیا گیا تھا۔جن کے تحت بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کو اے کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ اور ہر ایک کو 45 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملتی ہے۔ کیٹیگری بی میں شاداب خان، فخر زمان، حارث رؤف اور نسیم شاہ جیسے کھلاڑی شامل ہیں جو ماہانہ 30 لاکھ روپے تک کماتے ہیں۔کیٹیگریز C اور D کے کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے7لاکھ روپے سے لے کر 15 لاکھ روپے تک ہے۔ عماد وسیم کیٹیگری سی کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ افتخار احمد، حسن علی اور صائم ایوب کیٹیگری ڈی میں شامل ہیں۔
یہ بات قابل غور ہے کہ ماہانہ تنخواہ کے علاوہ، کھلاڑیوں کو تینوں فارمیٹس میں فکسڈ میچ فیس اور میچ ایوارڈز بھی ملتے ہیں۔ یہ اضافی مراعات قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مجموعی کمائی میں حصہ ڈالتی ہیں۔