پیرس (پاک ترک نیوز) پیرس اولمپکسں میڈلز کی دوڑ میں پہلی پوزیشن کے لئے چین اور امریکہ کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔ پچھلی رات دونوں ملک سونے کے 19-19 تمغے جیت کر برابرتھے مگر امریکہ تمغوں کی مجموعی تعداد کی بنیاد پر پہلے نمبر پر آگیا تھا۔ مگر اب ایک اور سونے کا تمغہ جیت کر چین 20سونے کے تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگیا ہے۔
اتوار کے روز ٹینس کے مردوں کے سنگلز فائنل میں سربیا کے عالمی شہرت یافتہ سابقہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی نووک جوکووچ نے اپنے پانچویں اولمپک ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر ایک اسپین کے الک راز کو سٹریٹ سیٹس میں ہرا کر پہلی بار سونے کا تمغہ جیتا اور ساتھ ہی گولڈن سلیم مکمل کرنے والے پانچویں کھلاڑی کے طور پر تاریخ میںاپنا نام بھی لکھوا لیا۔
گزشتہ روز منعقد ہونے والے کھیلوں میں سونے کے مزید 20تمغوںکا فیصلہ ہوا جن کی اکثریت کا تعلق جمناسٹکس۔ شوٹنگ، اتھلیٹکس،کنوئنگ اور دیگر کھیلوں سے تھا۔جمناسٹکس مردوں کر مقابلوں میں چین اور خواتین میں امریکہ سب سے آگے رہے۔ امریکہ کی عالمی چمپئن سیمون بائلز اب تک سونے کے تین تمغے جیت چکی ہے۔ وہ ابھی آرٹسٹک جمناسٹک کے دو مزید مقابوں میںحصہ لے گی۔
افریقی اسلامی ملک الجیریا کی جمناسٹ کیلیا نیمور نے اپنے ملک کے لئے سونے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ الجیریا کا اولمپکس میں جیتا گیا پہلا سونے کا تمغہ ہے۔ اس سے قبل الجیریا نے 1956میں ملبورن اولمپکس میں کانسی کا ایک تمغہ جیتا تھا۔
تاریخ تو مردوں کی سو میٹر کی دوڑ کے سیمی فائنل مرحلے میں بھی رقم ہوئی جب 12کھلاڑیوں نے یہ فاصلہ 10سیکنڈز سے کم وقت میں طے کیا مگر چار کھلاڑی اسکے باوجود فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔اب فائنل مقابلہ آج پیر کی شب منعقد ہو گا۔
پیرس اولمپکس کے دس دن کے کھیل مکمل ہونے پر اب تک 160سونے کے تمغوں کا فیصلہ ہوچکا ہےجن میں جمناسٹکس۔ شوٹنگ۔ اتھلیٹکس۔بیڈمنٹن، کنوئنگ ،ٹینس ۔ سوئمنگ۔ ڈائیونگ اور دیگر کھیل شامل ہیں۔تاہم ابھی ریسلنگ۔ ویٹ لفٹنگ اور ایسے ہی دیگر کھیلوںکے مقابلے ابھی کوالیفائنگ مرحلوں میں ہیںاور ان میں ہر ایونٹ تین۔تین گولڈ میڈلز کا حامل ہے۔
آج پیر کے روز ہونے والے مختلف کھلیوں کے مقابلوں میں مزید 20سونے کے تمغوں کا فیصلہ ہوگا۔جن میں مرد وخواتین کی 400،800، 5000اور سو اور 200میٹردوڑ کے مقابلوں کے ساتھ اتھلیٹکس کے دیگر ایونٹس سمیت، کنوئنگ، جمناسٹکس ،بیدمنٹن ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال 3×3 ۔ گالف اور دیگر کھیل شامل ہیں۔
11اگست تک جاری رہنے والےپیرس اولمپکس کے پہلے 10دن مکمل ہونے پر میڈلز ٹیبل پرنظر ڈالیں تو چین سونے کے 20چاندی کے 15اور کانسی کے 12تمغوں کے ساتھ کل 47تمغے جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔امریکہ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے تمغوں کی مجموعی تعداد 71ہے ۔جن میں سونے کے 19۔جبکہ چاندی اور کانسی کے 26۔26تمغے شامل ہیں ۔میزبان فرانس کا تیسرا نمبر ہے جسکے 44تمغوں میںسونے کے 12۔ چاندی کے 14 اور کانسی کے 18تمغے شامل ہیں۔سونے کے 12تمغوں سمیت۔31تمغوں کے ساتھ آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے۔جبکہ برطانیہ سونے کے 10۔چاندی کے 12اورکانسی کے 15تمغوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔