اسلام آباد(پاک ترک نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی تھری ایم پی اے کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے کر فوری رہائی کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست پر سماعت کی۔
سابق وزیراعلی پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے یکم ستمبر کو پرویز الہٰی کی رہائی کا حکم دیا، لاہور ہائیکورٹ نے صدر پی ٹی آئی کو کسی بھی اور کیس میں گرفتار کرنے سے روکا، اسلام آباد پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر کو فرسٹریٹ کرنے کیلئے سابق وزیراعلیٰ کو گرفتار کیا۔
وکیل پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ کو لاہور پولیس سے چھین کر اسلام آباد لایا گیا، سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے اٹھا کر گاڑی میں ڈالا، لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز الہٰی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے کر فوری رہائی کا حکم دے دیا۔