بہاولپور (پاک ترک نیوز)
پاکستان کے سرکاری دفاعی گروپ، گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) نے حال ہی میں اپنی جدید ترین بغیر پائلٹ والی جنگی فضائی گاڑی (یو سی اے وی) شاہپر۔2کا مظاہرہ کیا ہے۔ جس میں گیارہ اتحادی ممالک کے اعلیٰ فوجی نمائندوں کو براہ راست فائرنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ دکھا یا گیا۔
بغیر پائلٹ والی جنگی فضائی گاڑی شاہپر۔2 جس کی درجہ بندی درمیانے درجے کی اونچائی والے طویل برداشت کے حامل (ایم اے ایل ای) ڈرون کے طور پر کی گئی ہے۔جس نے پاکستان کے شہر بہاولپور میں اپنے ہوا سے زمین پر مار کرنے والے گائیڈڈ میزائل "برق” کا استعمال کرتے ہوئے 14,000 فٹ کی بلندی سے اہداف کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔اس مظاہرے میں ڈرون کی فائرنگ کی صلاحیتوں کی درستگی اور کارکردگی پوری طرح سے دکھائی دے رہی تھی کیونکہ اس نے زمینی اہداف کو درست طریقے سے بے اثر کر دیا۔
شاہپر ۔2کے فائرنگ کے مظاہرے کو دیکھنے کے لیے مدعو کیے گئے معزز مہمانوں میں سعودی عرب، آذربائیجان، کینیا، نائجیریا اور دیگر اتحادی ممالک کے فوجی نمائندے شامل تھے۔جی آئی ڈی ایسکا مقصد ان ممالک کی مسلح افواج کی دلچسپی کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے تاکہ اس کے ڈرون کی برآمدات کو فروغ دیا جاسکے۔
جی آئی ڈی ایس کے سینئر عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ بغیر پائلٹ والی جنگی فضائی گاڑ ی شاہپر۔2مارکیٹ میں حریفوں، بشمول ترکیہ کی بیرکتار ٹی بی ۔2اور چین کی سی ایچ۔4کو صلاحیتوں اور لاگت دونوں کے لحاظ سے پیچھے چھوڑ نے کی صلاحیت رکھتی ہے۔یہ مظاہرہ ڈرون ٹیکنالوجی میں پاکستان کی ترقی اور اس کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔
مزید براںجی آئی ڈی ایس نے آئندہ ماہ سے برق میزائلوں کے خاندان کے ہلکی شکل کے برق۔2میزائل کی پیداوار کے آغاز اور ایک لیزر گائیڈڈ بم کا تجربہ کرکے شاہپر۔2پلیٹ فارم کو مزید بڑھانے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی اپنے فضائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو متنوع بنانے اور دفاعی شعبے میں تکنیکی جدت طرازی میں سب سے آگے رہنے کے لیے جاری کوششوں کو اجاگر کرتی ہے۔