لزبن(پاک ترک نیوز)
بد عنوانی اور کرپشن اسکینڈلز کے سائے میںپرتگال کی دو ہفتوں کی قبل از وقت عام انتخابات کی مہم کا باضابطہ طور پر آغاز ہو گیا ہے جس میں مرکز-دائیں اور مرکز-بائیں بازو کی جماعتوں نے انتخابی سرویزمیں برتری حاصل کر لی ہے۔مگر انتہائی دائیں بازو کی پاپولسٹ پارٹیوں کی طرف سے کل ووٹوں کا تقریباً پانچواںحصہ حاصلکرنے کی پیشن گوئی یورپ میں قومیت پسندوں کے بڑھنے کی مزید علامت ہے۔
دائیں بازو کی قدامت پسند قومی پاپولسٹ سیاسی جماعت چیگا جس کی قیادت 41 سالہ سابق فٹ بال مبصر آندرے وینٹورا کر رہے ہیں، اگر پولز درست ثابت ہوئے تو کنگ میکر بن سکتے ہیں۔ ان کی پارٹی نے 2019 کے انتخابات میں 1.3فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔ لیکن 2022 میں 7.3فیصد تک چھلانگ لگا دی اور اب تقریباً 19فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادھرقدامت پسند سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس ڈی پی) کے رہنما لوئس مونٹی نیگرو نے شمالی ضلع براگنچا میں اپنی مہم کا آغاز کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دو چھوٹی دائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ بنائے گئے تین جماعتی اتحاد کی "عظیم فتح” کے لیے پراعتماد ہیں۔
موجودہ سوشلسٹ پارٹی کے رہنما پیڈرو نونو سانتوس نے پورٹو کے باہر ایک بازار میں خریداروں کو بتایا کہ ان کی پارٹی ووٹروں کے ساتھ قربت اور اعتماد کے رشتے سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ اورایک ایسی فتح کے لئے پر امید ہے جو دائیں بازو کے قدامت پسندوںکی پیش قدمی کو روکے گی۔تاہم، سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے سوشلسٹوں کے فیورٹ ہونے کے باوجود مشترکہ طور پر دائیں بازو کی جماعتوں کو پارلیمان میں زیادہ نشستیں ملنے کی توقع ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 10 مارچ کے اوائل میں ہونے والے انتخابات، جسے سوشلسٹ وزیر اعظم، انتونیو کوسٹا کے اچانک استعفیٰ کے بعد بلایا گیا ہے، بدعنوانی کے متعدد سکینڈلز کے سائے میں منعقد ہو رہے ہیں جنہوں نے ووٹروں کی ناراضگی کو ہوا دی ہے اور انتہائی دائیں بازو کی حمایت میں اضافہ کیا ہے۔
کوسٹا کی حکومت گزشتہ نومبر میں بدعنوانی کی تحقیقات کے دوران گر گئی تھی جس کی وجہ سے پولیس نے ان کی سرکاری رہائش گاہ اور ماحولیات اور بنیادی ڈھانچے کی وزارتوں کے دفاتر کی تلاشی لی تھی اور ساتھ ہی ان کے چیف آف سٹاف کی گرفتاری بھی عمل میں لائی تھی۔ مگر اس پر کسی جرم کا الزام نہیں ہے۔حال ہی میں لزبن کی ایک عدالت نے یہ بھی فیصلہ دیا ہے کہ ایک سابق سوشلسٹ وزیر اعظم، جوزے سقراط کو ان الزامات پر مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے کہ انھوں نے اپنے اقتدار کے دوران کرپشن، فراڈ اور منی لانڈرنگ سے تقریباً 34 ملین یوروجیب میں ڈالے۔
ایس ڈی پی، جو کئی دہائیوں سے سوشلسٹوں کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے، کو بھی بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔ ایس ڈی پی کے دو ممتاز سیاستدانوں کو حال ہی میں مادیرا میں بدعنوانی کی تحقیقات کے دوران استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا ہے۔