کراچی (پاک ترک نیوز) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ اور تدفین آج کراچی میں ہوگی۔
سابق صدر پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولو گراؤنڈ میں آج دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ کے بعد چنیسر گوٹھ کے قریب واقع آرمی قبرستان میں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔
انہیں مکمل فوجی اعزاز اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ تاہم حکومت کی طرف سے ان کی تدفین سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کیے جانے کے بعد دبئی سے خصوصی طیارہ سابق صدرکی میت کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ لے کر پیر کی رات کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا۔
سابق آرمی چیف اتوار کے روزطویل علالت کے باعث دبئی میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ وہ امائلائیڈوسس نامی غیر معمولی بیماری میں مبتلا تھے۔