انقرہ (پاک ترک نیوز)
صدر رجب طیب اردوان نے ٹرین کے مہلک حادثےمیں کم از کم 36 افراد کی ہلاکت پر یونانی صدر کیٹرینا ساکیلاروپولو اور وزیر اعظم کیریاکوس میٹسوتاکس سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔جسے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
ترک صدارتی کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ کے بیان کے مطابق صدر نے ٹرین حادثے کی وجہ سے ہلاکتوں پر بڑے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔اس سے قبل ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولونے بھی بدھ کی صبح اپنے یونانی ہم منصب نیکوس ڈینڈیا کے ساتھ ایک فون کال میں تعزیت کا اظہار کیا۔
یونان کے شہر لاریسا کے قریب دو ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے سے کم از کم 36 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہو گئے۔آدھی رات سے عین قبل ایک مسافر ٹرین اور مال بردار ٹرین کے درمیان تصادم میں کئی بوگیاں تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، کم از کم ایک کار میں آگ لگ گئی اور مسافروں کو اندر پھنسایا گیا۔
6 فروری کے جڑواں زلزلے کے بعد ترکی کی مدد کے لیے آنے والے اولین ممالک میں سے ایک یونان تھا ۔صدیوں پرانی دشمنی کی تاریخ کے باوجود یونان نے تباہی کے چند گھنٹوں کے اندر ہی امدادی کارکن اور انسانی امداد بھیجی۔
زلزلوں نے یونانی وزیر اعظم کیریاکوس میٹسوتاکس اور صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان مہینوں میں پہلا رابطہ بھی کرایا۔ جبکہ اس کے ایک ہفتہ بعد یونانی وزیر خارجہ نیکوس ڈینڈیا نے بھی زلزلے کے بعدترکیہ کا دورہ کیا جو کسی یورپی ملک کے وزیر خارجہ کاملک کا پہلا دورہ تھا ۔