صدر اردون زلزلوں سے متاثرہ صوبوں کے دورے پر روانہ ہوگئے

انقرہ (پاک ترک نیوز)
صدر رجب طیب اردوان پیر کے روزآنے والے زلزلے کا شکار ترکی کے جنوب مشرقی صوبوںکے دورے کے پہلے مرحلے میں زلزلے کا مرکز صوبہ کہرامن مارس پہنچ گئے ہیں۔ جس کے بعد وہ صوبہ ہاتائے اور پھر دیگر متاثرہ صوبوں کا دورہ کریں گے۔
ترک صدارتی پریس سینٹر کے بدھ کے روز جاری کرد ہ بیان کے مطابق پیر کے روز آنے والے زلزلوں سے ڈیڑھ کے قریب شہری متاثر ہوئے ہیں۔ ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں پیر کے روز دو شدید زلزلوں کے جھٹکوں کے بعد ترکیہ میں اب تک کم از کم 6,234 افرادجاں بحق اور 37,011 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی کاروائیوں کے دوران اب تک آٹھ ہزارسے زائد افراد کو ملبے سے زندہ نکالا جا چکا ہے۔جبکہ ہزاروں کی تعداد میں عمارتیں منہدم اور گاؤں کے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔
دریں اثناترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہمیں نہ صرف ترک جمہوریہ کی تاریخ بلکہ اپنے جغرافیہ اور دنیا کی سب سے بڑی تباہی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی راحت یہ ہے کہ اب تک ہمارے 8000 سے زیادہ شہریوں کو ملبے سے بچایا جا چکا ہے۔پیر کے روز آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد ترکی نے سطح 4 کا الارم بھی جاری کیا ہے۔ جس میں بین الاقوامی امداد کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک 65ملکوں کی امدادی ٹیمیں تلاش و امداد کی کاروائیوں میں حصہ لینے کے لئےترکی پہنچ کر کام شروع کر چکی ہیں۔
انکا یہ بھی کہنا تھاکہ ترکی میں تباہ کن زلزلوں کے بعد سات روزہ قومی سوگ منایا جا رہا ہے۔ جبکہ حکومت نے ملک کی سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد زلزلوں سے متاثرہ 10جنوب مشرقی صوبوں میں تین ماہ کے لئے ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا ہے

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More