وزیراعظم کی چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’آئی کیوب قمر‘ سیٹلائٹ خلاءمیں پاکستان کے پہلا قدم ہے،جوہری میدان کی طرح اس میدان میں بھی ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی ، اس کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید، سپارکو سمیت تمام ٹیم خاص طور پر پراجیکٹ میں حصہ لینے والے طالب علموں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی خوشبو ں کی سرحد سے آگے نکل کر آج خلاوں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے۔ 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیاجانا ہمارے سائنسدانوں اور ماہرین کی قابلیت کا اعتراف ہے ۔
یہ تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے، اس اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے ۔یہ کامیابی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کے بیٹوں نے ثابت کیا کہ وہ خلاؤں کو بھی تسخیر کرنے کی صلاحیت، جذبہ اور مہارت رکھتے ہیں ۔اللہ تعالی نے چاہا تو 28 مئی 1998 کی طرح خلاؤں اور معاشی اوج کمال کو بھی پہنچیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مواصلاتی ڈھانچے میں خود مختاری کے اس خواب کی مکمل تعبیر سے پاکستان بھی اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں شمار ہو گا۔پاکستان کی سائنس وٹیکنالوجی، جدید علوم اور ہنرمندی میں ترقی وقت اور ملک کی ضرورت ہے ۔پوری کوشش اور توجہ ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم وفنون، سائنس وٹیکنالوجی میں آگے لے کر جائیں تاکہ پاکستان ایجادات کی دنیا میں بھی سب سے آگے ہو۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More