اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں عوام کی جانب سے کمال جرات وبہادری سے سات سال قبل جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کے لئے ہونے والی فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے برادر ملک عوام اور حکومت خصوصاً صدر رجب طیب اردوان کو مبارکباد دی ہے۔
15جولائی 2016کو ترکیہ کے عوام کی جانب سے فوجی بغاوت ناکام بنانے کے دن کو ملک میں ہر سال جمہوریت اور قومی یگانگت کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔اس حوالے سے وزیر اعظم نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ ترکیہ میں جمہوریت کے لئے ایک عظیم دن تھا ۔جب ترک عوام اپنی جان و مال کی پرواہ کئے بغیر ملک میں عوام کی حکومت کے تحفظ کے لئے گھروں سے نکلے ۔پاکستان کے عوام اورحکومت اس روز جام شہادت نوش کرنے والوں کی عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں انکے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2016کا یہ دن ترکیہ کی حکومت اور عوام کے جمہوریت پر یقین محکم کی علامت ہے۔ اور ساتھ ہی یہ ترک عوام کے میرے بھائی صدر رجب طیب اردوان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا بھی مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کادن ہمیں اس بات کا درس دیتاہےکہ قومیں اپنے اتحاد ، یگانگت اور یقین محکم سے ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔