وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ

 

لاہور(پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے۔
لاہور کے ہوائی اڈے پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی اور قونصل جنرل امیر اوزبے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔
6 فروری 2023 کو آنے والے شدید زلزلے کے تناظر میں ترکیہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف 16-17 فروری 2023 کو ترکیہ کا دورہ کر رہے ہیں ۔
انقرہ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم ترکیہ کے صدر جناب رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان پر پوری پاکستانی قوم کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔ وزیراعظم مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور امدادی کاروائیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم جنوبی ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور علاقے میں تعینات پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور زلزلہ متاثرین سے بھی ملاقات کرینگے۔
جنوبی ترکی میں تباہ کن زلزلے کے تناظر میں، وزیر اعظم نے 6 فروری کو صدر اردگان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا اور انہیں ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔
پاکستان کی جانب سے ترکیہ کے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ہر آزمائش اور مصیبت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More