وزیراعظم شہباز شریف 3جون سے ترکیہ کا اہم دورہ کریں گے

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نو منتخب ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کریں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف مسلسل تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف تین جون کو ترکیہ کا اہم دورہ کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ ترکیہ، پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ براہموس میزائل مس فائر کے معاملے پر پاکستان کی پوزیشن بڑی واضح ہے ۔ہم نے بھارت سے اس کی تحقیقات کی رپورٹ طلب کی تھی ۔ہم نے آزادانہ انکوائری کیلیے بھارت کو مشترکہ تحقیقات کے لیے بھی کہا ۔ہم نے عالمی برادری کو بھی اس انتہائی خطرناک واقعے پر بھارت سے جواب دہی کا کہا ۔بھارت کو یہ واضح کرنا ہو گا کہ اسکے جوہری ہتھیار، میزائل ڈیفنس سسٹم محفوظ ہیں یا نہیں ؟۔
ترجما ن دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے یسین ملک کے خلاف سزائے موت کے مقدمے پر پاکستان کو سخت تشویش ہے۔یسین ملک کو ان کے اہلخانہ سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔پاکستان بھارت سے یسین ملک کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی سفیر سے ملاقات معمول کا حصہ ہے۔وزیر خارجہ اور امریکی سفیر کی ملاقات کا مقصد دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کرنا تھا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More