اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے لیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے ووٹنگ کرائی ۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ 180ارکان نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالشکور ہوتے تو یہ تعداد 181ہوئی ۔انہوں نے ووٹ دینے والے ارکان کے نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ ڈالنے کا بھی حکم دیا ۔وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد بلاول بھٹو زرداری نے پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتےہوئے وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ میں سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتاہوں ۔ انہوں نے آصف زرداری ،مولانا فضل الرحمن ،مولانا اسعد محمود ،خالد مگسی ،چودھری شجاعت حسین ،چودھری سالک حسین ، امیر حیدر خان ہوتی ،آفتاب شیر پائو ،محمود اچکزئی ،شاہ نوران ، سمیت دیگر کا فردا فردا شکریہ ادا کیا ۔ اس ایوان نے مجھ ناچیز پر اعتماد کیا ہے اس پر آپ کا مان رکھوں اور کبھی ٹھیس نہیں پہنچائوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان شدید مشکلات میں ہے یہ میری وجہ سے یا اس ایوان کی وجہ سے نہیں بلکہ 2018میں جو اس ملک کی معیشت تھی یہ دنیا میں مانی ہوئی معیشیت تھی ۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ظہرانے میں مشاورت کی جس کے بعد انہوں نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ آج قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہی لیں گے ۔
وزیراعظم نے اتحادی ارکان اسمبلی سے مشاورت کی تو اتحادیوں نے انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے آپ کبھی بھی ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے اسکا فیصلہ قبول کرنا ہوگا، حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل یقینی بنائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی کچھ بھی کر لے پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔