وزیراعظم نیشنل آئی ٹی منصوبوں کا افتتاح کرینگے

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) نیشنل آئی ٹی سیمینار اور آئی ٹی منصوبوں کا اجراءآج ہوگا ۔وزیراعظم شہباز شریف مہمان خصوصی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اعزازی مہمان ہوں گے۔
سیمینار میں منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، خزانہ، دفاع، دفاعی پیداوار، خارجہ امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، اطلاعات و نشریات کے وزراءشرکت کریں گے۔
سیمینار میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے وزراءاعلیٰ، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئی ٹی ماہرین، سینئر آرمی و سول افسران شرکت کریں گے۔
خلیجی ممالک، چین اور متحدہ عرب امارات سے انڈسٹری لیڈرز اور سفارت کاروں سمیت اہم غیر ملکی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔
سیمینار کا اہتمام خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت کیا جا رہا ہے ۔نیشنل آئی ٹی سیمینار کا مقصد آئی ٹی کی ترقی کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو یکجا کرنا ہے۔
سیمینار علم پر مبنی معیشت کی تشکیل اور ملک کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔آئی ٹی انڈسٹری کی بے پناہ صلاحیت آٹو میشن، ڈیجیٹلائزیشن، بزنس پروسیس ری انجینئرنگ (بی آر پی) اور مصنوعی ذہانت کے انضمام کے ذریعے دیگر صنعتوں کو بھی تقویت دے سکتی ہے۔
سیمینار میں آئی ٹی سیکٹر پر نئے بجٹ اثرات، صنعتی منظر نامہ، آئی ٹی برآمدات کو مختصر سے وسط مدت تک بڑھانے کے اقدامات پر غور ہوگا۔سیمینار میں مطلوبہ مہارتوں کی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں، کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اپس کو درپیش مسائل پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی جائے گی۔
پالیسیوں کے تسلسل اور کاروباری آسانی پر ایس آئی ایف سی کے اثرات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ سیمینار میں پاکستان کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کے اسٹالز کی نمائش ہوگی۔
سیمینار میں ڈیسٹی نیشن پاکستان، ٹیک لفٹ بوٹ کیمپ، خواتین باغ کے لیے پہلا نالج پارک (اے جے اینڈ کے)، ایگری ٹیک انکیوبیٹر فیصل آباد اور سنٹر آف ایکسی لینس ان گیمنگ اینڈ اینی میشن بھی شامل ہوں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More