وزیراعظم کا مار خورکے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے قومی جانور مارخور کے پہلے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم فخر سے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا پہلا عالمی دن منا رہے ہیں۔ مار خور کو ایک عظیم الشان جانور تصور کیا جاتا ہے جو کہ ہمارے بھرپور قدرتی ورثے کی علامت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارخور، اپنے منفرد کارک سکرو (Cork-screw)کی شکل کے سینگوں کے ساتھ، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ہمارے عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 2 مئی 2024 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلان کے مطابق یہ دن منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا فیصلہ جنگلی حیات کے تحفظ میں ہماری قوم کی کوششوں اور کامیابیوں کا اعتراف ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران مارخور کی آبادی میں نمایاں اضافہ قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے پاکستان کی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مارخور کے تحفظ کے پروگراموں میں مقامی کمیونٹیز کے تعاون اور سائنسی تحقیق کا کلیدی کردار ہے۔
پاکستان، جنگلی حیوانات اور نباتات کے خطرے سے دوچار انواع میں بین الاقوامی تجارت کے کنونشن (CITES) کے پرعزم دستخط کنندہ کے طور پر، CITES کیٹیگری I میں ایک نمایاں درجہ رکھتا ہے۔ اس حوالے سے کی گئی خصوصی قانون سازی، پاکستان ٹریڈ کنٹرول آف وائلڈ فاؤنا اینڈ فلورا ایکٹ، 2012، ذمہ دارانہ تجارتی طریقوں اور خطرے سے دوچار انواع کی فلاح و بہبود کے لیے ہماری وابستگی کو واضح کرتی ہے۔
مارخور کے اس عالمی دن پر، میں تمام پاکستانیوں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ آئیے نہ صرف مارخور بلکہ ان تمام انواع کے تحفظ کے لیے مل کر کام کریں جو ہماری کرہء ارض کی حیاتیاتی تنوع کو تقویت بخشتی ہیں۔ آئیے ! ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک پائیدار اور محفوظ مستقبل یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More