وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کی جانب سے دیئے گئے خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت

ریاض (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبا ز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج شام ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے جاری خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منعقد کیے گئے خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ کے ساتھ تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔
رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے وزیر خارجہ ہز ہائینس شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سربراہی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں، تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔
وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت، اور درازی عمر کے لیے اپنی دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More