اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے:۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن سر اسٹیو اسمتھ کر رہے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو ؛ اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے صوبہ پنجاب میں ایجوکیشن اینڈو مینٹ فنڈ قائم کیا تھا ؛ اسی قسم کے اقدامات وفاق میں بھی اٹھائیں گے۔تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومت ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے۔پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آرہی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے تعلیمی شعبے کی استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔