لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سائفر کی طرح پی ٹی آئی ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کر ر ہی ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی درخواست عوام کی ترجمانی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، الیکشن کے خلاف پی ٹی آئی درخواستیں الیکشن سے فرار کی منصوبہ بندی ہے، پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح دوغلی، دوہری اور منفقانہ پالیسی پر کاربند ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی سازش کی تھی، پی ٹی آئی ملک میں آئینی بحران پیدا کرکے سیاسی عدم استحکام چاہتی ہے پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ ملک معاشی طورپر مضبوط ہو، اور عوام کی معاشی مشکلات ختم ہوں۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی 8 فروری سے فرار کی راہیں تلاش کررہی ہے، پی ٹی آئی میڈیا میں الیکشن جلد کرانے کے اعلان کرتی ہے جبکہ عملی طورپر عدالتوں میں تاخیر کی پٹیشنز کرتی ہے، 2018 کے انتخابات میں بھی بیوروکریسی نے ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داری نبھائی تھی اور 2018 میں بیورکروکریسی کے ڈی آر اوز کا فرض نبھانے پر پی ٹی آئی نے اعتراض نہیں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آراوز کے خلاف پٹیشن لے کر پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ گئی، 8 فروری 2024 کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی، سائفرمیں عوام میں کچھ کہا اور تحقیقات میں کچھ ، پی ٹی آئی یہی منفاقت الیکشن کے حوالے سے بھی اپنائے ہوئے ہے۔