اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال اور جماعت اسلامی کے دھرنے کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ نے ڈی چوک میں کنٹینرز پہنچا دیئے، مری روڈ کو مکمل بند کر دیا گیا، اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی کنٹینرز موجود ہیں، مرکزی شاہراہیں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مہنگی بجلی معاہدوں، اووربلنگ کے خلاف اسلام آباد ڈی چوک پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں شرکت کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ شہر اقتدار میں دھرنا پر امن ہوگا، شرکاء ریلیف لئے بغیر واپس نہیں آئیں گے، حکومت دھرنے میں رکاوٹ نہ ڈالے، حالات خراب ہوئے تو حکومت ذمہ دار ہوگی، لوگ اپنے گھر کی چیزیں بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں، عوام آئی پی پیز سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے پیش نظر ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے۔ریڈ زون کو سیل کرنے کیلئے اسلام آباد کے نادرا چوک، سرینا چوک، ایکس پریس چوک پر کنٹینرز لگا دیئے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔دھرنے کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپے مار کر متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس امیر العظیم کو گرفتار تو نہیں کر سکی تاہم ان کے ڈرائیور شوکت محمود کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئی۔
جماعت اسلامی کو دھرنے سے روکنے کیلئے پولیس نے امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور دیگر ذمہ داران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔
جماعت اسلامی کے سینئر رہنما امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پولیس گردی جاری ہے۔