پنجاب اسمبلی :سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج، ملک احمد اور ظہیر اقبال مضبوط امیدوار

لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا، مسلم لیگ (ن) کے ملک احمد خان اور ظہیر اقبال چنڑ عہدوں کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے مطابق نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج سہ پہر 4 بجے خفیہ رائے شماری سے ہو گا، سپیکر کیلئے مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ملک محمد احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔
ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں ن لیگ کے ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض مدمقابل ہوں گے، دونوں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔
گزشتہ روزسپیکر سبطین خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس ہوا جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، 371 کے ایوان میں مریم نواز سمیت 321 ارکان سے سپیکر سبطین خان نے حلف لیا، سنی اتحاد کونسل کے میاں اسلم اقبال اجلاس میں نہ پہنچ سکے۔
(ن)لیگ کے 201، سنی اتحاد کونسل کے 98، پیپلز پارٹی کے 10، (ق) لیگ کے 9 اور آئی پی پی کے 3 اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، 17 ممبران غیر حاضر، ایک نشست پر الیکشن نہیں ہوا، 5 نشستیں خالی ہو گئیں جبکہ 27 ارکان اسمبلی کا مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن نہیں ہوا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More